سرینگر//
شمالی ضلع بارہ مولہ کے اوڑی میں پولیس نے نارکو ماڈیول کا پردہ فاش کرکے تین اسمگلروں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے۵۰کروڑ روپے مالیت کی نشیلی اشیاء اور نقدی۱۲لاکھ روپے برآمد کرکے ضبط کئے ۔
ایس ایس پی بارہ مولہ آمود ناگپوری نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ محمود احمد نجار ولد محمد حسن نجار ساکن چرنڈا اور سجاد احمد ملک ولد محمد امین ملک ممنوع نشیلی اشیاء کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں ۔
ناگپوری نے بتایا کہ پولیس نے معاملے کی نسبت این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
ایس ایس پی کے مطابق پولیس نے دونوں اسمگلروں کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس آفیسر کے مطابق گرفتار شدگان کی نشاندہی پر پولیس اور آرمی نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں چرنڈا علاقے میں چھاپہ ڈالا جس دوران وہاں سے ممنوع نشیلی اور نقدی برآمد کی گئی۔
ناگپوری نے مزید کہاکہ منشیات اسمگلروں نے تفتیش کے دوران بتایا کہ فیاض احمد ہجام ولد محمد رفیع ہجام نے پاکستان سے منشیات کی اشیاء اسمگل کی ہے ۔
پولیس نے فیاض احمد نامی منشیات اسمگلر کی بھی گرفتاری عمل میں لائی اور اس کے گھر پر چھاپے کے دوران کچھ پیسے برآمد کئے ۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ ابھی تک پولیس نے منشیات اسمگلروں کے قبضے سے۸۰۰ء۷کلو گرام ممنوع نشیلی اشیا ء جس کی مالیت ۵۰کروڑ روپے ہے کو برآمد کیا جبکہ نقدی ۱۲لاکھ۶۳ہزار۵سو روپے بھی ضبط کئے گئے ۔
ناگپوری نے بتایا کہ منشیات اسمگلروں کے پاکستانی ہینڈلرز کے ساتھ روابط ہیں اور اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے ۔