نئی دہلی// کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے عالمی یوم مزدور پر مزدوروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے مزدوری سے متعلق اصلاحات کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں۔
مسٹر کھڑگے نے کہا "آج کا دن میرے لیے ایک خاص دن ہے ۔ میں نے مزدوروں کے حقوق کی وکالت کرتے ہوئے اپنی زندگی کی شروعات کی تھی۔ مرکزی وزیر محنت کی حیثیت سے میں نے مزدوروں کی زندگیوں کو آسان اور خوشگوار بنانے کے لیے بہت کوششیں کیں۔ ملک کی بنیاد مضبوط کرنے میں مزدور انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہوئے طویل محنت اور جدوجہد کے ذریعے قوم کی تعمیر میں اپنی اٹوٹ شراکت کو یقینی بناتے ہیں۔
کانگریس صدرنے کہا "18ویں لوک سبھا انتخابات ملک کے مزدوروں اور محنت کشوں کے حقوق کو محفوظ بنانے کا ایک اہم موقع ہے ۔ اس الیکشن میں کانگریس پارٹی نے 5 نیائے اور 25 گارنٹی دی ہے ۔ ہمارے ‘لیبر جسٹس’ میں خاص طور پر مزدوروں کو مناسب معاوضے کی فراہمی اور انہیں استحصال سے نجات دلانے کے لیے بہت سے انقلابی اقدامات کا انتظام کیا گیا ہے ۔
مسٹر کھڑگے نے کہا "کانگریس کی گارنٹی ہے کہ ہماری حکومت بننے کے بعد ہم غیر منظم شعبے میں کام کرنے والے مزدوروں، محنت کشوں اور بہنوں اور بھائیوں کی عزت نفس کو یقینی بنائیں گے ۔ ہم لیبر جسٹس کے تحت ان 5 گارنٹیوں کو نافذ کریں گے ۔ ”
کانگریس کے سابق صدر مسٹر گاندھی نے کہا "عالمی یوم مزدور پر تمام مزدور بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات۔ کانگریس کی مزدور نیائے کی گارنٹی ملک کے حقیقی معماروں کی بے بسی کے طوق کو توڑ دے گی اور ان کی محنت اور پسینے کے ساتھ انصاف کرے گی۔ منریگا مزدوروں کے لیے 400 یومیہ اجرت اور اس کے علاوہ ہمارا عزم ہے کہ ‘ہندوستان کے معماروں’ کو ملک کی خوشحالی میں حصہ ملنا چاہیے اور ان کی زندگی محفوظ اور خوش حال ہونا چاہیے ۔