جے پور// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آزادی کے بعد خاندان پرستی اوراقرباء پروری کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے مسٹرمودی آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی عہدیداروں کے افتتاحی اجلاس سے نئی دہلی سے ورچوئل خطاب کر رہے تھے انہوں نے کسی پارٹی کا نام لیے بغیر کہا کہ مہاتما گاندھی کا ملک میں صرف نام لیا گیا، کام ان کے ویژن کے برعکس کیے گئے۔ مہاتما گاندھی ملک میں خود انحصاری چاہتے تھے لیکن برسوں تک ملک کو بیرونی ممالک پر منحصر بنایا گیا، لیکن آج ملک خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہے اور یہ کام بی جے پی نے کر دکھایا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ خاندان پرمبنی سیاسی جماعتیں آج بھی ملک کو پیچھے لے جانا چاہتی ہیں ۔ ان کی عوامی زندگی خاندان سے شروع ہوتی ہے اور صرف خاندان کے لیے ہوتی ہے ۔ یہ لوگ عوام کی کمزوریوں پر کھیلتے ہیں۔ ذات پات اورعلاقائی بنیادوں پرلوگوں کو اکساتے ہیں اور اپنی خود غرضی کا ثبوت دیتے ہیں، جبکہ آج بی جے پی کی پالیسیاں حب الوطنی سے متاثر ہو کر ترقی پرمرکوز ہیں اور ہم نے خاندان پرستی اور اقربا پروری کے سیاسی کیچڑ میں بھی کمل کو کھلایا ہے ۔
انہوں نے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بی جے پی سے جوڑنے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگوں کو پارٹی میں جوڑیں، جن کا خاندان سیاست میں نہیں ہے۔ ہمیں ایسے لوگوں کو پارٹی سے جوڑنا ہے جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہمیں یاد رکھنا ہوگا کہ اقربا پروری کی سیاست سے دھوکہ کھانے والوں کا اعتماد صرف بی جے پی پر ہی ہے۔ اقربا پروری کی سیاست نے ملک میں کرپشن کو فروغ دیا ہے۔ جمہوریت کو بچانے کے لیے اقربا پروری کی سیاست کے خلاف لڑنا ہوگا ۔