پونے//وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ملک کے نوجوانوں سے وزیر اعظم نریندر مودی کے ویژن کے مطابق ‘خود کفیلہندوستان مہم کے تحت نئی ٹکنالوجی کو اپنانے، اختراع کرنے اور دیسی اشیاء بنانے کی اپیل کی ہے۔
مسٹر سنگھ آج یہاں اپنے 13ویں کانووکیشن کے دوران ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل ودیا پیٹھ کے طلباء سے خطاب کر رہے تھے۔ یونیورسٹی طب، دندان سازی، نرسنگ، فزیوتھراپی، آپٹومیٹری، آیوروید، ہومیوپیتھی، بائیو ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ بزنس مینجمنٹ جیسے شعبوں میں تربیت فراہم کرتی ہے۔
مسٹر سنگھ نے نوجوانوں کو کسی بھی ملک کے لیے سب سے بڑی طاقت اور تبدیلی کا ذریعہ قرار دیا۔ نوجوان کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے اور اسے موقع میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وہ نئی ٹیکنالوجیز دریافت کرنے اور نئی کمپنیاں اور تحقیقی ادارے قائم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں
خود کفیل ہندستان کے حصول کے لیے ملکی سطح پر دفاعی ساز و سامان کی خریداری کے حکومت کے عزم کو دہراتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ہندوستان کو اپنی ضروریات کے لیے دوسرے ممالک پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں پر بھروسہ رکھتی ہے اور انہیں بھرپور مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ان کی ترقی اور ملک کی مجموعی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
و ‘وکل فار لوکل کی وزیر اعظم کی اپیل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کے نوجوان روشن ذہنوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے ملک میں ایک متحرک اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی تشکیل ہوئی ہے، جو بائیو ٹیکنالوجی، بزنس ایڈمنسٹریشن اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو ان کے اختراعی خوابوں کو پورا کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ اسٹارٹ اپ انڈیا اسکیم نوجوان ذہنوں کے لیے بہت کارگر ثابت ہو رہی ہے۔ ہم نے اسٹارٹ اپس کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا کلچر بھی تیار کیا ہے، جو ابتدائی مرحلے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔