واشنگٹن///
امریکہ نے تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے یوکرین پر زور دیا کہ وہ روس کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں سے باز رہے کیونکہ ان حملوں سے تیل کی عالمی قیمتیں آسمان کو چھو سکتی ہیں اور جوابی کارروائی کے لیے اشتعال پیدا ہوسکتا ہے۔
فائنانشیل ٹائمز اخبار نے دوطرفہ بات چیت سے واقف ذرائع کے حوالے سے جمعہ کے روز یہ اطلاع دی۔
اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ واشنگٹن نے یوکرین کی ریاستی سکیورٹی سروس اور ملک کے ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے اعلیٰ حکام کو اپنے ڈرون حملوں پر مسلسل متنبہ کیا ہے جن میں مغربی روس میں واقع آئل ریفائنریز، ٹرمینلز اور ڈپو کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر یوکرین روس کی تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھتا ہے تو امریکہ کو خدشہ ہے کہ روس ممکنہ جوابی کارروائی بھی کرسکتا ہے اور وہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا سکتا ہے جس پر مغرب کا انحصار ہے، بالخصوص قزاخستان سے روس کے راستے تیل سپلائی کرنے والی پائپ لائن کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین اور روس دونوں ممالک کے مابین فوجی تنازع کے درمیان دونوں طرف سے ڈرون حملے ہوتے رہے ہیں۔ 15-17 مارچ کو ہونے والے روسی صدارتی انتخابات سے پہلے، یوکرین نے روس کے خلاف ڈرون حملے اور دیگر حملے تیز کر دیے تھے، جن میں آئل ریفائنریوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔