سرینگر//
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سرینگر‘ مختار احمد کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں۲۰مارچ کی شام تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے جس دوران وادی کے درجہ حرارت میں مزید بہتری متوقع ہے ۔
احمد نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں۲۱مارچ کو کچھ جگہوں پر ہلکی بارشوں کا امکان ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں۲۲سے۲۴مارچ تک موسم نا ساز گار رہ سکتا ہے اور اس دوران میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے ۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سرینگر نے کہا کہ اس دوران درجہ حرارت میں قدرے گراوٹ درج ہوسکتی ہے ۔
احمد نے کہا کہ۲۱؍اور۲۲مارچ کو وادی میں کہیں کہیں گرج چک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں اگلے چند دنوں کے دوران درجہ حرارت میں مزید بہتری متوقع ہے ۔
دریں اثنا وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام کو چھوڑ کر مزید گراوٹ درج ہوئی ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۷ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۲ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۰ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۱ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۶ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۱ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۲ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ادھر وادی میں ہفتے کی صبح سے ہی دھوپ کھلی رہی جس سے جہاں لوگوں کو مختلف مقامات پر بیٹھے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا وہیں کسان بھی اپنے اپنے باغات اور کھیت کھلیانوں میں مختلف کاموں میں مصروف نظر آئے ۔