جموں//
جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر‘ ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے جمعرات کو کہاکہ دفعہ۳۷۰جموں وکشمیر کی شناخت کو بچانے کیلئے بنایا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ انہیں خوشی ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پانچ سال بعد کشمیر میں عوامی جلسے سے خطاب کیا۔
جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ڈاکٹر فاروق نے کہاکہ جہاں تک خاندانی حکمرانی کا تعلق ہے تو وزیر اعظم مودی ہر تقریر میں اس بات کی اور اشارہ کرتے ہیں۔
این سی صدر نے کہا کہ دفعہ۳۷۰جموںکشمیر کی شناخت کو بچانے کیلئے بنایا گیا تھا۔ان کے مطابق دفعہ۳۷۰کو مہاراجہ ہری سنگھ نے اس لئے بنایا تاکہ جموں میں ڈوگرہ کلچر کو مضبوط کیا جاسکے۔
فاروق عبداللہ نے کہاکہ جموںکشمیر کی صورتحال سب کے سامنے عیاں ہے ۔ باہر کے لوگوں کونوکریاں فراہم کی جارہی ہیں جبکہ سیول سیکریٹریٹ میں اکثر پرنسپل سیکریٹریز باہر کی ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں۔