ڈونگر پور//کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ راجستھان میں کانگریس حکومت تعلیم، روزگار، صحت کے سبھی شعبوں میں بہتر کام کر رہی ہے۔
بنیشور دھام میں پل کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے آج کہا کہ ہم کمزور لوگوں کے لئے اور بی جے پی گنے چنے صنعت کاروں کے لیے کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تاریخ اور ثقافت کو بدلنے کے لیے کبھی کام نہیں کیا۔ کانگریس کی حکومتیں ترقی کی راہ پر چلتی ہیں۔ راجستھان میں بھی کانگریس حکومت تعلیم، طب اور صحت کے میدان میں بہتر کام کر رہی ہے۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ راجستھان حکومت کے ذریعہ انگلش میڈیم اسکول کھولنے سے قبائلیوں کو بھی کافی فائدہ ہوگا۔ بنیشور میں 132 کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والے پل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی تعمیر کے بعد قبائلیوں کو بارش میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں متحدہ ترقی پسند اتحاد کی حکومت نے معیشت کو مضبوط کرنے کا کام کیا تھا، جسے بی جے پی نے برباد کر دیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا اور مہنگائی بھی اپنے عروج پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے تین کالے قوانین بنائے تھےجنہیں دباؤ میں واپس لینا پڑا۔
پروگرام میں وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ہندو ہیں لیکن دوسرے مذاہب کا بھی احترام کرتے ہیں۔ کانگریس کی بنیاد گاندھی کے اسی نظریے پر رکھی گئی ہے۔