نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو ہندوستانی مرد بیڈمنٹن ٹیم کو پہلی بار تھامس کپ جیتنے پر مبارکباد دی۔ہندوستانی ٹیم نے یہاں امپیکٹ ایرینا میں فائنل میں 14 بار کی چمپئن انڈونیشیا کو 3-0 سے شکست دے کر تھامس کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا مسٹر مودی نے ٹویٹر پر کہا’’ہندوستانی بیڈمنٹن ٹیم نے تاریخ رقم کی ہے۔ ہندوستان کے تھامس کپ جیتنے کے بعد پوری قوم پرجوش ہے۔ ہماری ٹیم کو مبارکباد اور ان کی مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات۔ یہ جیت آنے والے بہت سے کھلاڑیوں کو متاثر کرے گی‘‘۔
مسٹرمودی نے ٹیم کو فون پر بات کرکے مبارکباد بھی دی۔
دریں اثنا، نوجوانوں کے امور اور کھیل کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے ٹیم کے لیے ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
مسٹر ٹھاکر نے ٹویٹ کیا’’تاریخ بن گئی ہے۔ ہندوستانی مردوں کی بیڈمنٹن ٹیم کو تھامس کپ جیتنے پر مبارکباد۔ ملیشیا، ڈنمارک اور انڈونیشیا کو شکست دے کر یہ غیر معمولی کارنامہ انجام دینے پر ٹیم ملک کی طرف سے تعریف کی مستحق ہے‘‘۔
انہوں نے کہا’’وزارت کے کھیل محکمہ نے 14 بار کے تھامس کپ فاتح انڈونیشیا کو شکست دینے پر ہندوستانی ٹیم کے لئے ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے لیے نیک خواہشات۔‘‘