نئی دہلی//
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلےباز محمد کیف نے انکشاف کیا ہے کہ 2003 کے پاک بھارت ورلڈکپ میچ کے دوران سچن ٹنڈولکر کیچ ڈراپ ہونے کے وقت عبدالرزاق مڈ آف پوزیشن سے بہت دور کھڑے تھے جس کے باعث سچن کو نئی زندگی ملی اور پاکستان کی ٹیم میچ میں واپس نہ آسکی۔
اسپورٹس ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلےباز محمد کیف نے کہا کہ 2003 کے ورلڈکپ میچ کے دوران پاکستان کے پاس ٹنڈولکر کو آؤٹ کرنے کا موقع تھا تاہم عبدالرزاق مڈ آف پر گیند کو پکڑنے میں ناکام رہے جس کے باعث وسیم اکرم غصے میں تھے۔
کیف نے واقعے پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ رزاق مڈ آف پر نہیں کھڑے تھے البتہ وہ بولرز کے بہت قریب تھے، اگر رزاق سچن کا کیچ لے لیتے تو میچ کا پانسہ پلٹ سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سچن اچھی بلےبازی کررہے تھے، میرا کردار ان کا ساتھ دینا تھا۔ مجھے ڈریسنگ روم سے ہدایات ملی تھیں کہ سچن اچھی فارم میں ہیں انہیں اٹیکنگ کرکٹ کھیلنے دیں۔
پاکستان کے خلاف اس میچ میں ٹنڈولکر اور کیف نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 103 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تھی جبکہ کیف نے 60 گیندوں پر 35 رنز بنائے تھے اور میچ کو بھارت کے حق میں موڑ دیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے اس ورلڈکپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی تاہم آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کی حزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔