جموں//
بارڈر سیکورٹی فورس( بی ایس ایف) نے جمعرات کو بین الاقوامی سرحد پر اپنی ایک چوکی پر بلا اشتعال فائرنگ کرنے پر پاکستان رینجرز کے سامنے احتجاج درج کرایا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ آج سہ پہر سچیت گڑھ میں سرحدی چوکی آکٹروئی میں دونوں فریقوں کے درمیان تقریبا آدھے گھنٹے تک سطحی فلیگ میٹنگ ہوئی۔
سرحد پار سے فائرنگ کا سلسلہ ۲۵ منٹ تک جاری رہا لیکن بھارت کی جانب سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں فریقوں نے بین الاقوامی سرحد پر امن و امان برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
بی ایس ایف کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے گذشتہ شام جموں کے رنبیر سنگھ پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا بھر پور جواب دیا گیا۔
بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں میں آر ایس پور سیکٹر میں بدھ کی شام قریب ساڑھے پانچ بجے پاکستانی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی۔انہوں نے کہا کہ وہاں موجود جوانوں نے پاکستانی فائرنگ کا بھر پور جواب دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا یہ سلسلہ سوا چھ بجے شام تک جاری رہا۔ترجمان نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد سرحد پر فوج کو الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔
بتادیں کہ بین الاقوامی سرحد پر یہ واقعہ قریب تین مہینوں کے خاموشی کے بعد پیش آیا ہے ۔