نئی دہلی//مرکزی وزیر کھیل انوراگ سنگھ ٹھاکر نے بدھ کو شطرنج اولمپیاڈ کی مشعل ہنگری کے بڈاپسٹ کو سونپی جو شطرنج اولمپیاڈ کے 45ویں ایڈیشن کے سرکاری میزبان ہے۔
بدھ کو یہاں میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک تقریب میں مسٹر ٹھاکر نے اولمپیاڈ کی مشعل صدر کو سونپنے سے پہلے ہندوستانی گرینڈ ماسٹر وشواناتھن آنند، ایف آئی ڈی ای کے صدر آرکاڈی ڈورکوچ اور ہنگری کے گرینڈ ماسٹر جوڈٹ پولگر کے ساتھ شطرنج کا دوستانہ میچ کھیلا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر ٹھاکر نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ ہم نے چند سال پہلے (شطرنج اولمپیاڈ ٹارچ ریلے کے لیے) جو فیصلہ کیا تھا، وہ حقیقت میں پورا ہوا ہے اور میں یہاں ٹارچ کی ہینڈ آف تقریب کو انجام دینے آیا ہوں۔‘‘
انہوں نے کہاکہ "شطرنج شاید وہ دانشورانہ میراث ہے جو ہندوستان نے دنیا کو دی ہے اور یہ صرف ایک کھیل نہیں ہے، بلکہ اسٹریٹجک گہرائی اور فلسفیانہ حکمت کا عکاس ہے۔ "یہ شاندار کھیل نہ صرف دماغ کو تیز کرتا ہے بلکہ صبر اور لچک کا اہم سبق بھی سکھاتا ہے اور کسی کو حکمت عملی میں مہارت حاصل کرنے کی فکری جستجو کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔”
شطرنج اولمپیاڈ کا 44 واں ایڈیشن 2022 میں چنئی میں منعقد ہوا۔ اس وقت اس عالمی ایونٹ میں 2500 سے زائد کھلاڑی اور 7000 سے زائد شرکاء تھے۔ ایف آئی ڈی ای شطرنج اولمپیاڈ کا اگلا ایڈیشن اب اس سال بڈاپسٹ، ہنگری میں ہوگا، جیسا کہ اس سال کے شروع میں باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 19 جون 2022 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں ایک تقریب میں شطرنج اولمپیاڈ کے پہلے ٹارچ ریلے کا افتتاح کیا تھا۔