جموں//
ضلع رام بن کے اکھڑہال علاقے میں دوران شب آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں تین بہنیں جھلس کر جاں بحق ہوگئیں جبکہ ایک رہائشی مکان کو بھی نقصان پہنچا۔
ذرائع نے بتایا کہ رام بن کے اکھڑیال تحصیل کے تجنیہال علاقے میں دوران شب ایک تین منزلہ مکان میں آگ بھڑکی جس کے نتیجے میں مکان میں سوئی تین بہنیں جھلس کر لقمہ اجل بن گئیں۔انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں مکان کی تیسری منزل کو نقصان پہنچا۔
متوفین کی شناخت ۱۶سالہ ثانیہ‘۱۴سالہ بسمہ اور ۱۲سالہ صائقہ دختران عبدالطیف لون ساکن تجنیہال کے بطور کی گئی ہے ۔
دریں اثنا حکام نے ایک ٹیم جائے واردات کی طرف بھیج دی ہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے اور آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہے ۔
ادھر سرینگر کے مضافاتی علاقہ صورہ کے زونی مر علاقے میں دوران شب آگ کی ایک واردات میں۴گائو خانے اور۷ شیڈ خاکستر ہوگئے ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ صورہ کے زونی مر علاقے میں رات کے قریب ڈھائی بجے آگ کی ایک وار دات میں۴گائو خانے اور۷شیڈ خاکستر ہوگئے ۔
عہدیدار نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹنڈرس جائے موقع پر پہنچے اور آگ کو قابو میں کر لیا۔ان کا کہنا تھا کہ تاہم اس واردات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کارروائی شروع کی ہے اور آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہے ۔