احمد آباد//
مرکزی وزیر امت شاہ نے آج کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کو لے کر لوگوں کے ذہنوں میں کوئی شکوک و شبہات نہیں ہیں کیونکہ برسراقتدار بی جے پی ۳۷۰نشستیں اور قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) ۴۰۰سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی۔
امیت شاہ نے کانگریس پر بھی طنز کیا اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے۱۰سالہ اقتدار میں سے پہلے پانچ سال اپوزیشن پارٹی کے ذریعہ کھودے گئے گڑھے کو بھرنے میں گزرے ‘ اور دوسرے پانچ سال (ترقی کی) بنیاد رکھنے میں گزرے۔
احمد آباد میونسپل کارپوریشن (اے ایم سی) کے۱۹۵۰ کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر داخلہ نے کہا’’انہیں (مودی کو) تیسری مدت کے لیے وزیر اعظم بنائیں اور اس کی بنیاد پر ایک شاندار عمارت بہت تیز رفتاری سے بنے گی‘‘۔
شاہ کاکہنا تھا’’میں کل کرناٹک میں تھا، اور جنوری میں ۱۱ ریاستوں کا دورہ کیا ۔ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کو لے کر کسی بھی ریاست میں کوئی سسپنس نہیں ہے۔ پورے ملک میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ بی جے پی کو ۳۷۰؍ اور این ڈی اے کو۴۰۰ سے زیادہ سیٹیں ملیں گی‘‘۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ ۱۰سالوں میں وزیر اعظم مودی نے بہت سے کاموں کو رفتار اور سمت دی اور ان اہداف کو پورا کیا جن کا تصور کرنا مشکل تھا۔
شاہ نے کہا کہ یہ’گجرات ماڈل‘ تھا جس کی وجہ سے لوگوں نے۲۰۱۴میں مودی کو ملک کا وزیر اعظم منتخب کیا۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر نے کہا کہ ۱۰سال میں وزیر اعظم مودی نے ملک کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا منصوبہ تیار کیا اور ان کے۱۰سال کے اقتدار کے بعد لوگوں کو یقین ہے کہ ہندوستان۲۰۴۷میں دنیا میں نمبر ایک بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے پاس ایک منصوبہ تیار کرنے اور سخت محنت کے ساتھ اس پر عمل درآمد کرنے کی صلاحیت ہے۔
شاہ نے کہا کہ اس کے نتیجے میں ہندوستانی معیشت ۱۱ویں مقام سے بڑھ کر دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت بن گئی ہے۔’’اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ مودی حکومت کی تیسری مدت میں ہم تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائیں گے‘‘۔
مرکزی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ اس سال۲۲جنوری کو ایودھیا مندر میں وزیر اعظم مودی کی موجودگی میں بھگوان رام کی مورتی کی پوجا کی گئی تھی۔انہوں نے کہا’’تقریباً۵۵۰ سال سے ملک کا ہر شخص ایودھیا میں رام مندر کا انتظار کر رہا تھا۔۲۲ جنوری کو ہم نے اس کا مشاہدہ کیا اور آج ہمارے پاس رام للا کا ایک خوبصورت مندر ہے جو دنیا کو حیران کر دیتا ہے‘‘۔
اپنے خطاب میں شاہ نے آریہ سماج کے بانی مہارشی دیانند سرسوتی کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔