بھونیشور//گول کیپر پی آر سریجیش کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2023-24 کے اپنے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن نیدرلینڈ کے خلاف شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے سنسنی خیز جیت حاصل کی۔
کلنگا ہاکی اسٹیڈیم میں سریجیش نے اتوار کو شوٹ آؤٹ میں دو شاندار دفاع کیا جب کہ ہرمن پریت سنگھ، سکھجیت سنگھ، للت اپادھیائے اور شمشیر سنگھ نے اپنے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستان کو بونس پوائنٹ دلانے میں میں مدد کی۔ ہندوستان کی جانب سے ہاردک سنگھ (13′) اور ہرمن پریت سنگھ (58′) نے ایک ایک گول کیا، جب کہ جپ جانسن (30′) اور کوئن بجین (39′) نے ڈچ ٹیم کے لئے اسکور شیٹ میں جگہ بنائی، جو 2-2 سے سنسنی خیز ڈرا رہا۔
عالمی نمبر ایک ٹیم نے تیزی سے برتری حاصل کی اور کھیل کے ابتدائی منٹوں میں ہندوستانی سرکل کے اندر حملہ کیا۔ انہوں نے نشانے پر کئی شاٹس لگائے، لیکن ہندوستانی گول کیپر کرشنا بی پاٹھک نے کھڑے ہوکر ڈچوں کو ابتدائی برتری حاصل کرنے سے روک دیا۔ دوسری جانب ہندوستان کو سنبھلنے میں کچھ وقت لگا۔ ہندوستان کو پہلا موقع 12ویں منٹ میں ملا جب اسے لگاتار پنالٹی کارنر ملے، لیکن وہ اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔
اگلے منٹ میں ہندوستان نے اوپن پلے سے ہاردک کے ذریعے تعطل کو توڑا، جس سے ابتدائی کوارٹر کے اختتام پر ہندوستان کو1-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔ ہندوستان نے دوسرے کوارٹر میں شاندار آغاز کیا اور گیند پر قبضہ برقرار رکھا، لیکن زیادہ خطرہ پیدا نہ کرسکا۔ انہیں ایک بار پھر لگاتار پنالٹی کارنر ملے لیکن ڈچ نے میزبان ٹیم کو برتری دگنی کرنے سے روک دیا۔
مہمان ٹیم کو 25ویں منٹ میں پہلا پنالٹی کارنر ملا لیکن وہ اسے گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہی۔ تاہم، انہوں نے اسی حملے کے ارادے کو جاری رکھا اور پہلے ہاف کے آخری سیکنڈز میں انہیں ایک اور پنالٹی کارنرملا۔ جانسن نے کوئی غلطی نہیں کی اور گیند کو نچلے کونے میں مارا، جس سے ہاف ٹائم پر اسکور 1-1 ہوگیا۔