سرینگر//
جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے شہید گنج علاقے میں دو غیر مقامی شہریوں پر حملے کے بعد شہر میں سیکورٹی کو الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پائین شہر کے ساتھ ساتھ سیول لائنز علاقوں میں بھی چپے چپے پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ شہر کے حساس علاقوں میں موبائیل چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی تلاشی لی جارہی ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ غیر مقامی شہری کی ہلاکت کے بعد پولیس ، سی آر پی ایف کے سینئر آفیسران جائے موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ ہیومن انٹیلی جنس کو بھی بروئے کارلایا جارہا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ جائے وقوع اور اس کے اردگرد علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی کھنگالا جارہا ہے تاکہ حملہ آوروں کو جلدا زجلد کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔
ذرائع کے مطابق شام دیر گئے پولیس کے سینئر آفیسروں کی ایک میٹنگ بھی ہوئی جس دوران پائین شہر میں پیش آنے والے ملی ٹینٹ حملے کے تناظر میں سری نگر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ امکانی حملوں کو ٹالنے کی خاطر شہر سری نگر میں ناکوں کا جال بچھایا گیا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔