نئی دہلی// الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو واضح ہدایات دی ہیں کہ وہ انتخابی مہم کے کاموں میں بچوں کا استعمال نہ کریں۔
کمیشن نے کہا کہ اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی ‘ذرا بھی قابل قبول نہیں ہوگی۔’
کمیشن نے اس سلسلے میں پیر کو سیاسی جماعتوں، انتخابی امیدواروں اور انتخابی مشینری کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ ان ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں لوگوں کو چائلڈ لیبر (پرہیبیشن اینڈ ریگولیشن) ایکٹ 1986 اور اس میں 2016 میں کی گئی ترامیم پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق، کمیشن کے ان رہنما خطوط میں ممبئی ہائی کورٹ کا چینت رام لال بُھٹاڈا بمقابلہ مہاراشٹرا ریاستی حکومت اور دیگر کے معاملے میں 4 اگست 2014 کے اس حکم کا خاص طور پر ذکر کیا ہے ، جس میں سیاسی جماعتوں کوالیکشن سے متعلق کاموں میں بچوں کے استعمال سے سختی سے منع کیا گیا ہے ۔
کمیشن نے سرکاری انتخابی مشینری سے بھی کہا ہے کہ وہ ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور ایسا نہ کرنے پر تادیبی کارروائی کا انتباہ دیا ہے ۔