نئی دہلی//
سپریم کورٹ نے سہارا انڈیا کے سربراہ سبرت رائے کو پٹنہ ہائی کورٹ میں پیش کرنے کے پولیس کو جاری کردہ حکم پر جمعہ کو روک لگا دی جسٹس اے ایم کھانولکر کی قیادت والی بنچ نے اس معاملے میں سبرت رائے کے خلاف مزید کارروائی پر روک لگانے کا حکم بھی جاری کیا۔
ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی سبرت رائے کی عرضی کی سماعت کے بعد، بنچ نے کہا ’’اس مرحلے پر ہم پٹنہ ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگاتے ہیں‘‘۔
پٹنہ ہائی کورٹ نے سہارا انڈیا کی طرف سے مبینہ دھوکہ دہی سے متعلق 2000 سے زیادہ مقدمات کی سماعت کے بعد آج ہی یہ حکم جاری کیا۔ سہارا انڈیا پر ہزاروں سرمایہ کاروں کے پیسے واپس نہ کرنے کا الزام ہے۔
12 مئی کو جب سبرت رائے ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود عدالت میں حاضر نہیں ہوئے تو ان کے نام پر غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔
سبرت رائے نے پٹنہ ہائی کورٹ کے 12 مئی کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔