جموں//
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ یونین ٹریٹری میں نوجوان کھلاڑیوں کے روشن مستقبل کے لئے جدید کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ تیار کیا گیا ہے ۔
سنہا نے کہا کہ ہمارے نوجوان اسپورٹس میں بھی کامیابی کی نئی کہانیاں رقم کر رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز۷۵ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر یہاں مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایل جی نے کہا’’اختراع و جدت میں اعلیٰ مہارت حاصل کرنے کے علاوہ ہمارے نوجوان اسپورٹس میں بھی کامیابی کی نئی کہانیاں رقم کر رہے ہیں‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ تیر انداز شیتل دیوی اور راکیش کمار نے اپنی لگن اور حوصلے سے کھیل کی تاریخ کو تبدیل کر دیا ہے اور ان کی کامیابیوں نے نئی بلندیوں کے حصول کے لئے پوری نسل کو ترغیب دی ہے۔
سنہا نے کہا کہ سال گذشتہ زائد از۶۵لاکھ نوجوانوں کو کھیلوں کے مختلف شعبوں میں شرکت کرنے کا موقع ملا۔
ایل جی نے کہا کہ جموں کشمیر کے نوجوان کھلاڑیوں کے روشن مستقبل کے لئے جدید سپورٹس ڈھانچے کو تیار کیا گیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیلو انڈیا اسکیم کے تحت قوی سطح کے چار ایونٹس کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں ملک بھر کی۱۲۲ٹیموں نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تین دہائیوں کے بعد یہاں بین الاقوامی سطح کے ٹورنامنٹوں کا انعقاد کیا گیا۔
سنہا نے کہا’’نگروٹہ میں تمام سہولیات سے آراستہ اسپورٹس ولیج تیار کیا جا رہا ہے اور یونین ٹریٹری کے تمام ۶۰؍اسٹیڈیموں میں رات کے میچوں کیلئے تمام سہولیات و وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں‘‘۔
ایل جی کا کہنا تھا کہ یونین ٹریٹری کے تمام ۲۰ اضلاع میں۹۳کھیلو انڈیا سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔