دبئی//) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو ہندوستان کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کو سال 2023 کے آئی سی سی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے خطاب سے نوازا۔
اس خطاب کے ساتھ کوہلی 10 انفرادی آئی سی سی ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ وہ اب تک سب سے زیادہ انفرادی آئی سی سی ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ کوہلی نے ہم وطن کھلاڑیوں محمد شامی اور شبمن گل کے ساتھ ہی ڈیرل مچل (نیوزی لینڈ) کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ وراٹ کوہلی چوتھی بار اوڈی آئی کرکٹر آف دی ایئر بنے ہیں۔ اس سے قبل 2012، 2017 اور 2018 میں بھی انہیں یہ ایوارڈ دیا گیا تھا۔
کوہلی کو یہ ایوارڈ سال 2023 میں ون ڈے کرکٹ میں شاندار کارکردگی کے لیے دیا گیا ہے۔ کوہلی نے ورلڈ کپ میں اپنی 11 اننگز میں سے 9 میں نصف سنچریاں لگاتے ہوئے ٹونامنٹ میں 765 رنز بنائے۔ کوہلی نے سال 2023 میں ون ڈے کرکٹ کے 27 میچوں میں 59.86 کی اوسط سے 1377 رنز بنائے ہیں۔ اس میں چھ سنچریاں اور آٹھ نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ایئر 2023 سے نوازا گیا ہے۔ کرکٹر آف دی ایئر آئی سی سی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔