کیف//
یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کا آج 78 واں روز ہے۔ مغربی انٹیلی جنس ذرائع نے باور کرایا ہے کہ یہ جنگ کئی ماہ طویل ہو گی۔
ادھر یوکرینی فوج کے ایک جنرل اولیکسی ہیرموف کے مطابق روسی افواج ابھی تک دارالحکومت کئیف پر قبضے کے منصوبے سے دست بردار نہیں ہوئیں۔
ہیرموف نے باور کرایا کہ روس کے پاس میکو لائف اور اوڈیسا کے علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے منصوبے ہیں۔ اس کا مقصد مولودووا میں علاحدگی پسندوں کے علاقے ٹرانسنیسٹریا میں ایک زمینی گزر گاہ بنانا اور کئیف پر دھاوا بولنا ہے۔
یوکرین کے فوجی جنرل نے مزید کہا کہ ماسکو ابھی تک یوکرین کی مزید اراضی پر قبضہ کرنے اور اسے روس کا حصہ بنانے کے لیے رائے شماری کی دعوت دینے کے حوالے سے امید لگائے بیٹھا ہے۔
ہیرموف نے باور کرایا کہ یوکرین کی فوج روس کے ان منصوبوں کو ناکام بنا دے گی۔
روسی افواج یوکرین کے جنوب مشرق میں ماریوپول شہر پر کنٹرول کے بعد اب دونباس ریجن پر قبضے کی کوشش میں ہیں۔ اس کا مقصد ملک کے مشرقی حصے کو جنوب میں جزیرہ نما قرم سے جوڑنے کے لیے ایک زمینی گزر گاہ کھولنا ہے۔ روس نے 2014ء میں قرم پر قبضہ کر کے اپنی اراضی میں ضم کر لیا تھا۔