نئی دہلی// فضائیہ کے ایک سارجنٹ کودفاعی تنصیبات سے متعلق حساس معلومات اپنے آقاوں کودینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایئر فورس کے اس سارجنٹ کوسوشل میڈیا پر ہنی ٹریپ میں پھنسایا گیاتھا جس کے بعد سے یہ اپنے آقاؤں کے ساتھ حساس معلومات شیئر کر رہا تھا۔
گرفتار سارجنٹ سے ملٹری انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ اور دہلی پولیس کے اہلکار مشترکہ طور پر پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے بتایا ہے کہ اس سے رڈار کی سرگرمیوں اور فضائیہ کے افسران کی تعیناتی کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی تھیں۔
ذرائع کے مطابق سارجنٹ کو حساس معلومات شیئر کرنے کے عوض میں اس کی اہلیہ کے اکاؤنٹ میں رقم دی جا رہی تھی۔ اس پر مبینہ طور پر دفاعی تنصیبات اور فضائیہ کے اہلکاروں سے متعلق معلومات کمپیوٹر اور دیگر فائلوں سے حاصل کرکے اپنے آقاؤں کے ساتھ شیئرکرنے کا الزام ہے۔
ذرائع نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ وہ گزشتہ چھ ماہ سے ایسی معلومات شیئر کر رہا تھا اور اس کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ یہ سارجنٹ ایک ایسے شخص سے معلومات شیئر کر رہا تھا جو ہندوستانی سم کارڈ کااستعمال کر رہا تھا اور اب اس نے یہ سم کارڈ بند کر دیا ہے۔ افسران نے سارجنٹ سے کچھ قابل اعتراض الیکٹرانک اشیاء اور دستاویزات بھی برآمد کیے ہیں۔