سرینگر//
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بدھ کو ایودھیا میں رام مندر کی پوجا پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر سیاست نہیں کرنا چاہتے ہیں۔
سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا ’’میں رام مندر پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔ یہ نہ تو پہلا افتتاح ہے اور نہ ہی آخری۔ ہم نے ماضی میں بھی افتتاحی تقریبات دیکھی ہیں۔ اگر آپ اس میں سیاست لانا چاہتے ہیں تو یہ آپ پر منحصر ہے، میں اس معاملے پر سیاست نہیں کر رہا ہوں‘‘۔
یہ پوچھے جانے پر کہ اگر انہیں دعوت نامہ ملتا ہے تو کیا وہ مندر کی پوجا کی تقریب میں شرکت کریں گے، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ انہیں مدعو نہیں کیا جائے گا۔
این سی نائب صدر نے کہا’’تم مجھ سے کیوں پوچھ رہے ہو کہ میں جاؤں گا یا نہیں؟ کون بلا دعوت جاتا ہے؟ میں جانتا ہوں کہ مجھے مدعو نہیں کیا جائے گا۔جن لوگوں کو مدعو کیا جانا تھا، انہیں پہلے ہی دعوت نامہ مل چکا ہے۔ صنعت کار، کرکٹرز، فلمی ستارے اور دیگر۔ہر کوئی ان کے نام جانتا ہے۔ کیا آپ نے اس فہرست میں میرا نام دیکھا ہے؟ نہیں۔ جب وہ مجھے مدعو کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے ہیں، تو ہم اس میں کیوں جائیں؟
واضح رہے کہ ایودھیا میں رام مندر جا افتتاح ۲۲جنور ی کو کیا جارہا ہے ۔(ایجنسیاں)