سرینگر//
شمالی ضلع بارہمولہ کے بنر علاقے میں تیندوے نے مقامی شہری پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق جمعرات کے روز بنر بارہ مولہ میں اس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب تیندوے نے راہگیر پر اچانک حملہ کیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ چیخ و پکار کی صدائیں بلند ہونے کے ساتھ ہی آس پاس موجود لوگ جائے موقع پر پہنچے اور راہگیر کو تیندوے کے چنگل سے چھڑا کر اسے علاج ومعالجہ کی خاطر گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہ مولہ منتقل کیا۔زخمی شہری کی شناخت چالیس سالہ عبدالحمید میر کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا مقامی لوگوں نے بتایا کہ پچھلے کئی روز سے بارہ مولہ کے مختلف علاقوں میں تیندوے آزدانہ طورپر گھوم رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے وائلڈ لائف محکمہ کو بھی آگاہ کیا گیا تاہم وہ تیندوے کو پکڑنے میں ناکام ثابت ہوئے ۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نماز مغرب کے بعد لوگ گھروں میں سہم کررہ جاتے ہیں۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے فوری اصلاح کا مطالبہ کیا ۔