سرینگر//
یوم جمہوریہ کی تقریبات سے چند دن قبل، جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے متعدد واقعات میں مطلوب حزب المجاہدین کے دہشت گرد کو دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے گرفتار کیا ہے۔
ایک اہلکار نے بتایا’’دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے حزب المجاہدین کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزم جموں کشمیر میں دہشت گردی کے متعدد واقعات میں مطلوب تھا۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دہشت گرد کے سر پر پانچ لاکھ روپے کا انعام تھا اور وہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کو بھی مطلوب ہے۔
جاوید مٹو کے نام سے شناخت کیے گئے دہشت گرد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث تھا۔
تازہ ترین گرفتاری جموں اور کشمیر پولیس کے ذریعہ کشتواڑ میں ایک اور حزب دہشت گرد کو پکڑے جانے کے بعد ہوئی ہے۔جس کی شناخت محمد یوسف چوہان کے نام سے ہوئی، دہشت گرد کو دہشت گردی سے متعلقہ واقعات میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی فورسز نے اس کے قبضے سے ایک چینی گرینیڈ برآمد کیا تھا۔