نئی دہلی//
جے پور میں پانچ جنوری سے شروع ہونے والی ڈی جی پیز اور آئی جی پیز کی تین روزہ کانفرنس میں حال ہی میں بنائے گئے تین فوجداری قوانین کے نفاذ، خالصتان نواز گروہوں کی سرگرمیوں اور جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ حملوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی رسمی اجلاس میں خطاب کرنے سے پہلے ملک کے اعلی پولیس افسران سے بات چیت کریں گے جبکہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کانفرنس کے دوران موجود رہیں گے جو کئی سیشنوں پر محیط ہوگی۔
وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بتایا کہ کئی افسروں کو انسداد دہشت گردی ، آن لائن دھوکہ دہی ، جموں و کشمیر میں سرحد پار دہشت گردی ، خالصتان نواز گروپوں کی سرگرمیوں اور بائیں بازو کی انتہا پسندی جیسے مخصوص موضوعات پر پریزنٹیشن دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
کانفرنس کا ایک اور اہم ایجنڈا نئے فوجداری قوانین کے نفاذ کے لیے روڈ میپ پر غور و خوض کرنا ہے ۔ مزید برآں، پولیسنگ اور سیکیورٹی میں مستقبل کے موضوعات جیسے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیپ فیکس جیسی نئی ٹیکنالوجیز سے درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے طریقوں پر بھی بات کی جائے گی۔ کانفرنس ٹھوس ایکشن پوائنٹس کی نشاندہی کرنے اور ان کی پیشرفت پر نظر رکھنے کا ایک موقع بھی ہے ۔
وزیر اعظم نے اقتدار میں آنے کے بعد سے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی کانفرنس میں گہری دلچسپی لی ہے ۔ سابق وزرائے اعظم کی علامتی موجودگی کے برعکس، مسٹر مودی کانفرنس کے تمام اہم اجلاسوں میں موجود رہتے ہیں۔ وزیر اعظم نہ صرف تمام معلومات کو تحمل سے سنتے ہیں بلکہ آزادانہ اور غیر رسمی گفتگو کی بھی حوصلہ افزائی کرتے ہیں تاکہ نئے خیالات ابھر سکیں۔ اس سال کی کانفرنس میں ناشتے ، دوپہر اور رات کے کھانے پر غیر رسمی موضوعاتی بات چیت کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ اس سے سینئر پولیس افسران کو ملک کو متاثر کرنے والے اہم پولیسنگ اور داخلی سلامتی کے مسائل پر وزیر اعظم کے ساتھ اپنے خیالات اور سفارشات کا اشتراک کرنے کا موقع ملے گا۔
وزیر اعظم نے۲۰۱۴سے ملک بھر میں سالانہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کانفرنسوں کے انعقاد کی بھی حوصلہ افزائی کی ہے ۔
کانفرنس میں مرکزی وزیر داخلہ، قومی سلامتی کے مشیر، وزیر مملکت برائے داخلہ، کابینہ سکریٹریز، سینئر حکام، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پولیس ڈائریکٹر جنرلز اور مرکزی مسلح پولیس فورسز اور مرکزی پولیس تنظیموں کے سربراہان کے علاوہ دیگرمعززین شرکت کریں گے ۔