نئی دہلی//صدر رام ناتھ کووند نے بدھ کو راشٹرپتی بھون میں ایک تقریب میں ہندوستان میں جمہوریہ سلواکیہ، جمہوریہ سوڈان اور نیپال کے نئے تعینات سفیروں کی اسناد وصول کیں نومنتخب سفیروں سے اسناد حاصل کرنے کی رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد مسٹر کووند نے سلوواکیہ کے سفیر رابرٹ میکسیان، جمہوریہ سوڈان کے سفیر عبداللہ عمر بشیر الحسین اور نیپال کے سفیر ڈاکٹر شنکر پرساد شرما کے ساتھ بھی الگ الگ بات چیت کی۔
راشٹرپتی بھون کی ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مسٹر کووند نے تینوں سفیروں کو ہندوستان میں ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور ان ممالک کے ساتھ ہندوستان کے قریبی، دوستانہ اور کثیر جہتی تعلقات پر اپنے عزم کا اظہار کیا۔
صدر نے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرنے کی کوششوں میں کامیابی پر اپنے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدر نے ان سفارت کاروں کے ذریعے اپنے قائدین کو ذاتی مبارکباد بھیجی۔ تینوں ممالک کے سفیروں نے ہندوستان کے ساتھ اپنے اپنے ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔