نئی دہلی8//ہندوستانی ریلوے نے آج پھر واضح کیا کہ ملک کے پاور اسٹیشنوں کو کوئلے کی سپلائی کے لیے مال گاڑی ریک کی کوئی کمی نہیں ہے اور کوئلے کی کانوں اور پاور اسٹیشنوں میںبدانتظامی کی وجہ سے پیدا ہونے والی پریشانیوں کا ذمہ دار ریلوے کو ٹھہرایاجارہا ہے۔
ریلوے کے ایک اعلیٰ افسر نے آج یہاں بتایا کہ ریلوے نے کوئلے کی نقل و حمل میں ایک بے مثال ریکارڈ قائم کیا ہے اور کل مال برداری میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریلوے سے 456 ریک مانگے جا رہے ہیں جبکہ 498 ریک ریلوے کے پاس موجود ہیں اور مال برداری کے لیے تیار ہیں، لیکن حقیقت یہ بھی ہے کہ صرف 417 ریک پر کوئلہ لوڈ کیا جا رہا ہے۔ یعنی اصل ضرورت سے 81 ریک زائد دستیاب ہیں۔
اہلکار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2021-22 کے پہلے چالیس دنوں میں یکم اپریل سے دس مئی تک کوئلے کی ڈھلائی سات کروڑ ٹن تھی جب کہ رواں مالی سال 2022-23 کی اسی مدت میں کوئلے کی لوڈنگ 7.862 کروڑ ٹن رہی ہے۔