نیپئر// گیند بازی کے بعد بلے بازی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کر لی۔
یہ پہلا موقع ہے جب بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو اپنے گھر پر ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دی ہے۔
بنگلہ دیشی ٹیم نے 135 رن کے ہدف کے تعاقب میں اوپنر لٹن داس کی 42 رن کی ناٹ آوٹ اننگز کی بدولت 18.4 اوور میں پانچ وکٹوں پر 137 رن بنا کر میچ جیت لیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے رونی تعلقدار نے 10 رن، کپتان نظم ال شانتو نے 19 رن، سومیا سرکار نے 22 رن بنائے۔ توحید ہردوئے 19 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور عفیف حسین دھربو ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ مہدی حسن 19 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی، ایڈم ملن، جمی نیشم، بین سیئرز اور مچل سینٹنر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج یہاں میک لین پارک اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کے گیندبازوں نے ٹاس کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے پہلے چار بلے بازوں کو 20 رن کے اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشم نے 29 گیندوں پر سب سے زیادہ 48 رن بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں چار چوکے اور تین چھکے بھی لگائے۔ اس کے علاوہ کپتان مچل سینٹنر نے 23 رن کی اننگز کھیلی۔
بلے بازی کرنے اتری نیوزی لینڈ کو پہلے ہی اوور میں مہدی نے ٹم سرفوٹ کو صفر پر آؤٹ کر کے جھٹکا دیا۔ اگلے ہی اوور میں اسلام نے فن ایلن کو ایک رن پر سرکار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ اس کے بعد گلین فلپس بھی صفر پر اسلام کا شکار ہو گئے۔ مہدی نے پانچویں اوور میں ڈیرل مچل کو 14 رن پر بولڈ کر کے چوتھا جھٹکا دیا۔ مارک چیپ مین 19 رن بنانے کے بعد، ٹم ساؤتھی آٹھ رنز بنانے کے بعد، ایش سودھی دو رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ایڈم ملن 16 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں پر صرف 134 رن بنا سکی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ایش سوڈھی نے تین بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ مہدی حسن اور مستفیض الرحمان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ رشاد حسین اور تنظیم حسن ثاقب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔