کینبر// پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کینبرا میں پاکستان کے پریکٹس میچ کے لیے بنائی گئی پچ اور حالات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتظامات سے واقعی حیران اور مایوس ہیں۔
صبح کے تربیتی سیشن کے بعد ڈبلیو اے سی اے گراؤنڈ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے حفیظ نے کہا کہ پاکستان اس چیلنج کے حوالے سے پرجوش ہے لیکن کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف کھیل کے لیے ٹور کا انتظام خاصا پریشان کن تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ آسٹریلیا میں کسی مہمان ٹیم کی طرف سے کھیلی جانے والی سست ترین پچ ہے۔ ایک ٹیم کے طور پر ہم اپنی تیاریوں سے واقعی خوش ہیں کیونکہ ہم نے زیادہ تر پیرامیٹرز کو پورا کیا ہے۔”
انہوں نے کہاکہ "ہر کوئی جانتا ہے کہ پچ وہ نہیں ہے جو ہم چاہتے تھے۔ اس لیے بار بار کہنے اور کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ اس معاملے کو اٹھانے کا کوئی فائدہ نہیں۔ مایوسی واقعی بہت بڑی تھی کیونکہ ہم اس قسم کے انتظام کی توقع نہیں کر رہے تھے۔ شاید یہ حکمت عملی ہے لیکن ہم اس کے لیے تیار ہیں۔ ہم اسے بہانے کے طور پر استعمال نہیں کر رہے ہیں، ہم آنے والے چیلنجوں کے لیے بالکل تیار ہیں۔