سرینگر//
مرکزی حکومت نے سنہ۱۹۸۸کے انڈین ایڈ منسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسر اتل ڈولو کو جموں و کشمیر کا چیف سیکریٹری مقرر کیا۔
جموں وکشمیر کے موجودہ چیف سکریٹری ارن کمار مہتا ۳۰نومبر۲۰۲۳کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔
مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا’’ارن کمار مہتا آئی اے ایس کی ریٹائر منٹ اور سینٹرل ڈیپوٹیشن سے وطن واپسی کے نتیجے میں اٹل ڈولو آئی اے ایس کوجموں وکشمیر کے چیف سیکریٹری کے طور پر مقرر کیا جاتا ہے‘‘۔
حکمنامے کے مطابق وہ یکم دسمبر ۲۰۲۳یا چارج سنبھالنے کی تاریخ سے اگلے احکامات تک اس عہدے پر فائز رہیں گے ۔
بتادیں کہ مرکزی سرکار نے سال گذشتہ اتل ڈولو کو بارڈر منیجمنٹ سیکریٹری کے عہدے پر مرکز میں تعینات کیا تھا۔
تاہم مرکزی حکومت کی طرف سے زائد از ایک ہفتہ قبل جاری ایک حکمنامے کے مطابق مرکزی کابینہ کی تقرری کمیٹی نے ان کی جموں وکشمیر میں واپس تعیناتی کو منظوری دی تھی۔
قبل ازیں وہ محکمہ صحت و میڈیکل ایجوکیشن کے فائنانشل کمشنر کے عہدے پر فائز رہے ہیں اور محکمہ زراعت کے ایڈیشنل؛ چیف سیکریٹری بھی رہے ہیں۔
اٹل ڈولو کا تعلق جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے کلم گائوں سے ہے ان والد سری نگر منتقل ہوئے تھے اور بعد میں وہ دہلی منتقل ہو کر وہیں رہائش پذیر ہوئے تھے ،۔
جموں وکشمیر کے موجودہ چیف سکریٹری ارن کمار مہتا ۳۰نومبر۲۰۲۳کو ملازمت سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دو برس قبل بی وی آر سبھرامانیم کی جگہ پر یونین ٹریٹری کے چیف سیکریٹری کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا۔