ہردوئی// سرمایہ کاروں کو ہزاروں کروڑ کا دھوکہ دے کر دبئی فرار ہو چکے شائن سٹی کے مالک راشد نسیم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جاری کارروائی کے تحت انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے بھی ہردوئی میں چھاپہ مارا۔اور اس کی قریبی خاتون ششی بالا کو ہفتہ کی صبح گرفتار کرلیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ای ڈی کی ٹیم نے جمعہ کو ہردوئی شہر کے کوتوالی علاقے کے دھیر مہولیا گاؤں میں ششی والا کے گھر پر چھاپہ مارا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم چار گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ یہاں پہنچی تھی اور گھر کے باہر مرکزی فورسز کے اہلکاروں کو تعینات کرکے گھر کے اندر موجود تمام ارکان اور ششی بالا سے کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ کے بعد گھر کی تلاشی لی ۔ تلاشی کے دوران گھر سے نقدی، زیورات اور کچھ کاغذات برآمد ہونے کے بعد ششی بالا کو حراست میں لے لیا گیا اور ہفتہ کی صبح تقریباً 10 بجے میڈیکل کالج میں اس کا میڈیکل کرانے کے بعد اسے اپنے ساتھ لے گئی ۔
کہا جاتا ہے کہ ششی بالا شائن سٹی گھپلے کے ماسٹر مائنڈ راشد نسیم کے بہت قریب ہے اور کئی زمینوں کی خرید و فروخت میں اس کا نام سامنے آنے کے بعد ای ڈی کی ٹیم نے کارروائی کی ہے ۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم کی کارروائی کے بعد ششی بالا کے گھر کے باہر خاموشی ہے ۔ ان کی بیٹی اور بہو گھر میں موجود ہیں جبکہ بیٹا ای ڈی ٹیم کے پیچھے پیچھے بتایا گیا ہے ۔ ششی بالا کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ہردوئی کے بیسک ایجوکیشن اسکول میں ٹیچر ہیں اور ان کے شوہر لکھنؤ میں پولیس میں تعینات بتائے جاتے ہیں۔ ششی بالا اپنے شوہر سے ہردوئی میں اپنے بیٹے اور بہو کے ساتھ الگ رہتی ہیں، فی الحال انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے چھاپے کے حوالے سے اہل خانہ نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے ، جب کہ پولیس اور انتظامیہ کو ٹیم کی جانب سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے ۔ تاہم پڑوسیوں کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم چھاپہ مار نے کے بعد ششی بالا کو اپنے ساتھ لے گئی ہے ۔