ماسکو//
روسی صدر ولادی میری پوتین نے زور دیا ہے کہ روسی افواج اپنے ملک کے امن کی خاطر لڑ رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مغرب روسی اراضی پر حملے کی تیاری کر رہا تھا۔ پوتین نے یہ بات دارالحکومت ماسکو میں ریڈ اسکوائر پر اپنے خطاب میں کہی جہاں آج (نو مئی کو) 1945ء میں نازی جرمنی کے خلاف روسی فتح کی فوجی تقریب منعقد ہو رہی ہے۔
پوتین نے باور کرایا کہ نئے نازیوں کا مقابلہ کرنا ناگزیر تھا۔ ان کا اشارہ یوکرین کے قوم پرست جنگجوؤں کی طرف تھا۔ روسی صدر نے زور دیا کہ مناسب وقت پر یوکرین میں خصوصی فوجی آپریشن ضروری تھا اور یہ واحد درست فیصلہ تھا۔
پوتین نے روسی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی طاقت قومیت کے تعدد میں چُھپی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ "روس کے دشمنوں” نے روس کے شہریوں کو تقسیم کرنے کے لیے ان میں نفرت پھیلانے کی کوشش کی۔
روسی صدر کے خطاب کے بعد فوجی پریڈ پیش کی گئی۔
یاد رہے کہ 9 مئی روس میں ایک اہم دن شمار کیا جاتا ہے۔ اسے قومی دن کی حیثیت سے منایا جاتا ہے کیوں کہ اس روز روس نے دوسری عالمی جنگ میں نازی فوج پر فتح حاصل کی تھی۔ سال 1941ء سے 1945ء کے درمیان اس جنگ میں تقریبا 2.7 کروڑ سوویت شہری مارے گئے تھے۔ جنگ نے سوویت یونین کو تباہ کر ڈالا تھا۔