جالندھر//
بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف)نے منشیات کے اسمگلروں کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے جمعہ کو پنجاب کے ترن تارن اور امرتسر اضلاع سے دو ڈرون اور۵۵۰گرام ہیروئن برآمد کی ہے ۔
بی ایس ایف کے ترجمان نے بتایا کہ بی ایس ایف اور پنجاب پولیس نے مشترکہ کارروائی میں ریاست کے ضلع ترن تارن کے گاؤں کالاش حویلیاں سے ایک پاکستانی ڈرون برآمد کیا ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ علاقے میں ڈرون کی موجودگی کی مخصوص اطلاع پر بی ایس ایف اور پنجاب پولیس نے کالاش حویلیاں گاؤں کے مضافات میں مشترکہ تلاشی مہم شروع کی تھی۔
بی ایس ایف ترجمان نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران رات ۱۲بج کر۱۵منٹ پر گاؤں کالاش حویلیاں سے ملحقہ کھیت سے ایک ڈرون برآمد ہوا۔ برآمد کیا گیا ڈرون ایک کواڈ کاپٹر ہے جو چینی ساخت کا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ ایک اور معاملے میں، دوپہر تقریباً اڈھائی بجے ، بی ایس ایف کے جوانوں نے سرحدی باڑ کے آگے علاقے کے تسلط کے دوران گشت کرتے ہوئے ، امرتسر ضلع میں رتن خورد گاؤں کے قریب ایک کھیت میں ایک مشکوک چیز دیکھی۔
ترجمان کاکہنا تھا کہ علاقے کی تفصیلی تلاشی کے دوران بی ایس ایف کے دستوں نے کھیت سے پیلے چپکنے والی ٹیپ میں لپٹی ہوئی۵۵۰گرام ہیروئن کا ایک پیکٹ اور ٹوٹی ہوئی حالت میں ایک ڈرون برآمد کیا۔ برآمد کیا گیا ڈرون ایک کواڈ کاپٹر ہے ۔