سرینگر/۹نومبر
جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے نور باغ اور باغ مہتاب میں آگ کی الگ الگ واردات میں دو رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق جمعرات کی صبح نور باغ سری نگر میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناًفاناً مکان کو پوری طرح سے لپیٹ میں لے لیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی عملے اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیاتاہم آتشزدگی کی اس واردات میں رہائشی مکان کی اوپری منزل کو نقصان پہنچا ہے ۔
دریں اثنا باغ مہتاب میں بھی آگ کی ایک واردات میں رہائشی مکان خاکستر ہوا ہے ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ باغ مہتاب میں جمعرات کی صبح رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائرمین جائے موقع پر پہنچے ۔انہوں نے بتایا کہ انتھک کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں عمارت کو نقصان پہنچا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔