ہم حیران ہیں… ان لوگوں پر حیران ہیں جو اس بات پر حیران ہیں کہ بیگ صاحب اور ان کی اہلیہ محترمہ کیسے میڈم جی… میڈم محبوبہ جی سے ملاقات کر سکتے ہیں… صاحب ملاقات کیوں نہیں کر سکتے ہیں… کیا مرکز ی حکومت… بی جے پی کی مرکزی حکومت نے میڈم جی اور ان کی جماعت کو بھی ممنوع قرار دیا ہے جو بیگ صاحب اور ان کی اہلیہ محترمہ کیلئے میڈم جی شجر ممنوع بن جاتیں؟میڈم جی سیاستدان ہیں اور… اور جہاں تک ہماری معلومات ہیں اور … اور ہمیں یقین ہے کہ … کہ ہماری معلومات بالکل درست ہیں… بیگ صاحب اور ان کی اہلیہ محترمہ بھی سیاستدان ہی ہیں … اور سیاست میں سیاستدانوں کا ایک دوسرے سے ملنا جلنا تو ہوتا رہتا ہے… سو بیگ صاحب اور ان کی اہلیہ محترمہ بھی میڈم جی سے ملے اور… اور ہمیں نہیں لگتا ہے اور… اور بالکل بھی نہیں لگتا ہے کہ اس میں کوئی حیران کن بات ہے …ہاں حیران کن بات تب ہو تی جب بیگ صاحب اور ان کی اہلیہ محترمہ ‘میڈم جی سے نہیں ملتے… اللہ میاں کی قسم اگر ایسا ہو تا تو… تو ہم ضرور حیران ہوتے اور… اور اس لئے حیران ہو تے کہ… کہ لوک سبھا کے الیکشن آنے والے ہیں… کچھ ایک ماہ میں لوک سبھا الیکشن ہونے والے ہیں… اور بیگ صاحب یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں…وہ اس بات کو بھی جانتے ہیں کہ … کہ کشمیر میں… جموں کشمیر میں فی الحال اسمبلی الیکشن نہیں ہوں گے… اس لئے یہ کب تک بے روز گاراور بے کار بیٹھیں گے کہ… کہ پیپلز کانفرنس میں شامل ہوکر بھی ان کی بات نہیں بنی… وہاں بات نہیں بنی …کچھ ایک اور آپشن… کچھ ایک جماعتیں ہیں‘ لیکن ان سے بیگ صاحب کو کوئی فائدہ ہو گا اور نہ ان جماعتوں کیلئے بیگ صاحب فائدے مند ثابت ہو سکتے ہیں…لے دے کر میڈم جی کی پی ڈی پی ہی بچ جاتی ہے… جسے قحط الرجال کا سامنا ہے اور… اور یہ بات بیگ صاحب جانتے ہیں… سو یہ اس قحط کو دور کرنے کیلئے میڈم جی سے اپنی اہلیہ محترمہ کے ہمراہ ملنے گئے…اب صاحب ہم یہ تو نہیں جانتے ہیں کہ بیگ صاحب پی ڈی پی کیلئے گھاٹے کا سودا ثابت ہوں گے یا بیگ صاحب کیلئے پی ڈی پی… لیکن یقین کیجئے کہ … کہ نوگام کی ملاقات… بیگ صاحب اور ان کی اہلیہ محترمہ کی میڈم جی سے ملاقات … بیگ صاحب کی خواہش اور پی ڈی پی کی ضرورت کے تحت ہی ہوئی… یہ ملاقات سب کچھ تھی… لیکن محض خیر سگالانہ نہیں تھی اور… اور بالکل بھی نہیں تھی ۔ ہے نا؟