جموں//
جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں پیر کے روز ایک دلدوز سڑک حادثے میں۳؍افراد کی موت جبکہ۱۳دیگر زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے نگروٹہ علاقے میں ایک گاڑی سڑک سے لڑھک کر قریب۳سو فٹ گہرای کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں۳؍افراد کی موت جبکہ۱۳دیگر زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے کہا کہ بدھال سے راجوری کی طرف آ رہی یہ گاڑی کو پیر کے گیارہ بجے حادثے کا شکار ہوئی۔
متوفین کی شناخت عبدالرشید ساکن حب کنڈی،محمد حنیف ولد قاسم الدین ساکن تولی اور محمد اعظم ولد غلام الدین ساکن دراج بدھال کے بطور ہوئی ہے ۔
زخمیوں کی شناخت جگدیو سنگھ اس کی اہلیہ کرنی دیوی، ان کا بیٹا ججنت سنگھ ساکنان بدھال، نسمہ اختر‘۴سالہ سائقہ کوثر، شوکت علی، محمد کفیل، امتیاز احمد، معصومہ بیگم، محمد الطاف، محمد یونس، ونود کمار، حمیدہ بیگم، عبدالعزیز کے بطور کی گئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کارروائی شروع کی ہے ۔
اس دوران لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سنہا نے آج راجوری میں ہونے والے المناک سڑک حادثے میں جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں سنہا نے کہا’’مجھے آج راجوری میں ہونے والے بدقسمت سڑک حادثے کے بارے میں جان کر شدید صدمہ پہنچا ہے، جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں اور بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی خواہش کرتا ہوں۔ میں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ افراد کو تمام ضروری مدد فراہم کریں‘‘۔
ادھر جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے موہی پورہ علاقے میں پیر کو ایک گاڑی سڑک سے پھسل جانے سے کم از کم چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد زخمی پولیس اہلکاروں کو ضلع اسپتال کولگام پہنچایا گیا۔ایک اہلکار نے کہا کہ تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔