نئی دہلی// سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ہفتہ کے روز کہا کہ ملک میں مختلف مقامات پر اسکریپ ری سائیکلنگ سینٹر قائم کیے جائیں گے، جس سے ماحول کے تحفظ کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ مسٹر گڈکری اسکریپ ری سائیکلنگ کے شعبے پر ایک صنعتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
مسٹر گڈکری نے کہا کہ حکومت اس طرح کے مراکز کے قیام میں آسانی کے لیے اپنی منظوری کے لیے سنگل ونڈو کی سہولت شروع کر رہی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ اس سے اس شعبے میں کام میں بہت سی سہولیات حاصل ہوں گی اور ری سائیکل شدہ مواد کی سپلائی میں اضافہ کرکے درآمدات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ری سائیکلنگ کی صنعت سے ملک میں روزگار کے بڑے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ اسکریپنگ پالیسی صنعت کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ صنعت کو اس کا حصہ بنایا جاسکے اور گاڑی بنانے والی چھوٹی یا بڑی کمپنیوں سے اس میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جاسکے۔ مسٹر گڈکری نے مٹیریل ری سائکلنگ ایسوسی ایشن آف انڈیا کے زیر اہتمام نویں انڈین میٹریل ری سائیکلنگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مٹیریل ری سائیکلنگ کے معاملے میں جاپان اور بیلجیم ٹیکنالوجی سے سیکھنے اور ری سائیکلنگ کی لاگت میں کمی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسکریپ ری سائیکلنگ کے لیے ایسوسی ایشن کو ہر قسم کی مدد فراہم کرائے گی۔
انہوں نے اسکریپ ری سائیکلنگ میں نئی ٹیکنالوجی استعمال کرنے پر اس شعبے میں کام کرنے والے کاروباری افراد کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں برآمدات بڑھانے اور درآمدات کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایسوسی ایشنز کے وژن اور کام کاج پر خوشی کا اظہار کیا۔
مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ بھاگوت کراڑ نے اس موقع پر کہا کہ ترقی کے ساتھ ساتھ ماحولیات کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ آج 150 پبلک سیکٹر کی کمپنیاں ری سائیکلنگ کے کام میں شامل ہیں۔ ری سائیکلنگ ماحول کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔