بارہمولہ/۴ نومبر
پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) آر آر سوائن نے ہفتے کے روز کہا کہ انہیں ایک پولیس اہلکار‘جسے اس ہفتے کے شروع میں ضلع بارہمولہ کے ٹنگمرگ علاقے میں دہشت گردوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا‘ کے قتل میں کچھ سراغ ملے ہیں۔
ٹنگمرگ میں مقتول پولیس اہلکار کے گھر کا دورہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سوائن نے کہا کہ انہیں اس معاملے میں اہم لیڈز ملے ہیں اور کیس کی تفتیش ابھی جاری ہے۔
ڈی جی پی نے کہا”اس وقت تفتیش کی تمام تفصیلات بتانا مناسب نہیں ہوگا، لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ جو بھی جرم میں ملوث ہے، اسے بخشا نہیں جائے گا“۔
سوائن نے کہا کہ انہوں نے پولیس پریوار کے خاندان کے ایک رکن، ایک نیک آدمی، ایک باپ، ایک بھائی اور ایک کشمیری کو کھو دیا ہے اور اس جرم میں ملوث تمام افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔
ڈی جی پی نے کہا کہ سرحد پار سے ہینڈلر یہاں ہسپتالوں، سڑکوں اور دیگر چیزوں کی تعمیر کے لیے پیسے نہیں بھیج رہے ہیں بلکہ دہشت گردی کی حمایت اور یہاں کے امن کو خراب کرنے کے لیے بھیج رہے ہیں۔
سوائن نے کہا کہ ہم ان کے منصوبوں کو تب ہی خراب کر سکیں گے جب یہاں کوئی ان کی حمایت نہیں کرے گا اور ہم یہاں وہ ماحول بنائیں گے۔