واشنگٹن//
امریکی محکمہ دفاع ’’پینٹاگان‘‘کے اعلان کے مطابق امریکہ اور سعودی عرب کے وزراء دفاع نے خطے میں کشیدگی روکنے کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
پینٹاگان کے بہ قول’’ہم خطے میں خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ فوجی انضمام کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘اس موقع پر امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے خطے کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے میں سعودی عرب کے مرکزی کردار پر زور دیا۔
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے ریاستہائے متحدہ کے سرکاری دورے پر آئے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد کا واشنگٹن ڈی سی میں وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر میں استقبال کیا۔
مملکت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’واس‘‘کے مطابق دونوں وزراء نے کے درمیان گفتگو کا ایک سیشن ہوا، جس کے دوران انہوں نے مملکت سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان تاریخی دوستی کے تعلقات کا جائزہ لیا اور فوجی اور دفاعی میدان میں دونوں کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط اور ترقی دینے کے طریقوں پر غور کیا۔
انھوں نے بین الاقوامی امن اور سلامتی کے حصول میں علاقائی اور عالمی سطح پر دونوں ممالک کے کردار کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے مشترکہ دلچسپی کے متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی میدانوں میں ہونے والی تازہ ترین پیشرفت اور دونوں ممالک کے مشترکہ وژن کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
سات اکتوبر کو حماس کے جنگجوؤں کے غزہ کی پٹی پراچانک حملے اور اسرائیلی فوجی اڈوں اور بستیوں کی طرف ان کی دراندازی کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان واقعات کے رونما ہونے کے بعد سے یہ خطہ کشیدگی کا شکار ہے۔