واشنگٹن//
سرکاری سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے اعلان کیا کہ امریکہ نے سوڈان میں امن اور انسانی امداد کو آسان بنانے کے لیے جدہ میں مذاکرات کی میزبانی کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔ یہ مذاکرات سوڈان کی مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے نیم فوجی دستوں کے نمائندوں کے درمیان ہوئے۔
ایس پی اے نے مزید کہا کہ امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک بیان جاری کیا جس میں میزبان کے طور پر مملکت کے کردار کی تعریف کی اور ایک شریک سہولت کار کے طور پر افریقی یونین کی جانب سے ترقی سے متعلق بین الحکومتی اتھارٹی (آئی جی اے ڈی) کی شرکت کا خیرمقدم کیا۔ایس پی اے کے مطابق امریکہ، سعودی عرب اور آئی جی اے ڈی کے تعاون سے دوبارہ منعقد ہونے والے جنگ بندی مذاکرات کا مقصد کئی نازک اور اہم مقاصد کا حصول تھا۔ ان مقاصد میں انسانی امداد کی ترسیل میں سہولت، جنگ بندی کا قیام، اعتماد سازی کے اقدامات پر عمل درآمد اور سوڈان میں دشمنی کے مستقل خاتمے کے لیے کام کرنا شامل ہیں۔خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ بات چیت سوڈان کے شہریوں کے تحفظ کے عزم کے جدہ اعلامیے سے مطابقت رکھتی ہے جس پر ابتدائی طور پر 11 مئی کو دستخط کیے گئے تھے۔
تمام متحارب فریقوں کی طرف سے تعمیری مشغولیت کی ضرورت پر زور دیتے ملر نے کہا، "وقت آ گیا ہے کہ بے معنی تشدد کو روکا جائے، سویلین گورننس بحال کی جائے، اور آزادی، امن اور انصاف کے لیے سوڈان کے لوگوں کو ان کے مطالبات حاصل کرنے دیا جائے۔”