واشنگٹن/۷مئی
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ افغانستان کی صورتحال اور دہشت گردی سے لڑنے کی کوششوں پر بات چیت کی ہے ۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اپنے بیان میں کہا کہ مسٹر بلنکن نے مسٹر زرداری کے ساتھ فون پر بات چیت کے دوران افغانستان میں استحکام اور دہشت گردی کامقابلہ کرنے کے لیے امریکہ اور پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری، آب و ہوا، توانائی، صحت اور تعلیم کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سال امریکہ-پاکستان کے تعلقات کی 75ویں سالگرہ ہے ۔
زرداری نے اپنے ٹویٹ میں کہا، ’انٹونی بلنکن نے فون کیا۔ انہوں نے مجھے میرے عہدہ سنبھالنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی جس کے لیے میں ان کا شکر گزار ہوں۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے باہمی جامع تعلقات کو مضبوط بنانے ، امن، ترقی اور سلامتی کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا‘۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ 27 اپریل کو پاکستان کے وزیر خارجہ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔