بنگلہ دیش میں کوکس بازار سے جمعرات پانچ مئی کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق حکام نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے روہنگیا نسل کے مسلمان مہاجرین کی تعداد کم از کم بھی 450 بنتی ہے۔ جنوبی ایشیائی ملک میانمار میں 2017ء میں ملکی فوج کی طرف سے روہنگیا نسلی اقلیت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیے جانے کے بعد تقریباﹰ ایک ملین روہنگیا باشندے ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں پناہ گزین ہو گئے تھے۔ روہنگیا ایک بےوطن برادری ہے، جس کے افراد کو میانمار میں بنگالی مہاجرین سمجھا جاتا ہے۔
میانمار میں روہنگیا کے خلاف فوجی کریک ڈاؤن کو اسی سال مارچ میں امریکہ نے باقاعدہ طور پر نسل کشی بھی قرار دے دیا تھا۔ اس کریک ڈاؤن کے دوران اپنی جانیں بچانے کے لیے جو روہنگیا باشندے بنگلہ دیش میں پناہ گزین ہوئے تھے، ان کی موجودہ تعداد تقریبا نو لاکھ بیس ہزار بنتی ہے۔ وہ گزشتہ کئی برسوں سے ایسے کیمپوں میں مقیم ہیں، جن کے ارد گرد خار دار تاریں لگی ہوئی ہیں اور جن سے باہر نکلنے کی ان کو اجازت نہیں۔
پولیس کے مطابق جن روہنگیا مہاجرین کو گرفتار کیا گیا، وہ کوکس بازار کے ایک ایسے مشہور ساحلی علاقے میں عید منا رہے تھے، جہاں جانے کی ان کو اجازت نہیں تھی۔ ان مسلم مہاجرین کو عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوسرے روز بدھ چار مئی کو رات گئے مارے گئے چھاپوں کے دوران حراست میں لیا گیا۔ پولیس ترجمان رفیق الاسلام نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، کوکس بازار کا ساحلی علاقہ دنیا کے سب سے بڑے ساحلی علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں سے 450 سے زائد روہنگیا مہاجرین کو گرفتار کیا گیا۔ انہیں اپنے کیمپوں سے نکلنے کی اجازت نہیں تھی۔ یہ گرفتاریاں اس لیے عمل میں آئیں کہ ان روہنگیا باشندوں کی ساحل پر موجودگی خطرے کی بات تھی۔‘‘
جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات
بنگلہ دیشی حکام اپنے ملک میں زیادہ تر کوکس بازار کے ضلع میں مقیم ان لاکھوں روہنگیا مہاجرین پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ کئی طرح کے جرائم کے مرتکب ہوتے ہیں اور خاص طور پر ان کی ساحلی علاقے میں موجودگی ان لاکھوں سیاحوں کے لیے خطرناک تھی، جو بڑے قومی یا مذہبی تہواروں کے موقع پر اس ساحلی علاقے کا رخ کرتے ہیں۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گرفتار شدہ روہنگیا مہاجرین میں ایسے نابالغ لڑکے بھی شامل ہیں، جن کی عمریں صرف تیرہ برس ہیں۔ زیر حراست ایک بیس سالہ روہنگیا خاتون نے بتایا کہ وہ پہلی مرتبہ کوکس بازار کے ساحل پر گئی تھی، جہاں پولیس نے اسے اس کے شوہر اور بچوں سمیت گرفتار کر لیا۔
ساحل مہاجر کیمپوں سے چالیس کلومیٹر دور
بنگلہ دیش میں پولیس حالیہ مہینوں میں روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں میں بلا اجازت چلائی جانے والی تقریباﹰ تین ہزار دکانیں اور چند مقامی نجی اسکول منہدم بھی کر چکی ہے۔ ملک کے ڈپٹی کمشنر برائے مہاجرین کے مطابق ساحل سے گرفتار کیے گئے روہنگیا باشندوں کو جلد واپس ان کے کیمپوں میں بھیج دیا جائے گا۔
جن ساڑھے چار سو سے زائد مہاجرین کو گرفتار کیا گیا، وہ اپنے کیمپوں سے نکل کر تقریباﹰ 40 کلومیٹر (25 میل) کا سفر طے کر کے کوکس بازار کے مشہور ساحلی علاقے تک پہنچے تھے۔