نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ عالمی امن، عالمی خوشحالی، عالمی چیلنجوں کے حل اور عالمی سپلائی نیٹ ورک کو بااختیار بنانے کے لیے دنیا اب ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے اور بڑے اعتماد کے ساتھ دیکھ رہی ہے۔
جین انٹرنیشنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جیٹو) کنیکٹ کے کے ذریعہ منعقد تین روزہ کانفرنس کا عملی طور پر آغاز کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ یہ کانفرنس آزادی کے 75ویں سال میں امرت مہوتسو میں منعقد کی جا رہی ہے۔ یہاں سے ملک آزادی کے ’امرت کال‘ میں داخل ہو رہا ہے۔ اب ملک کا عزم ہے کہ اگلے 25 سالوں میں سنہرے ہندوستان کی تعمیر کریں گے۔ آزادی کے امرت میں تیز رفتار ترقی کا ایک منتر ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں کل ہی یوروپ کے کچھ ممالک کا دورہ کرکے ہندستان کی استطاعت ، عزائم کو اور آزادی کے امرت کال میں ہندستان میں موجود مواقع کے سلسلے میں کافی کچھ تفصیل سے متعد لوگوں سے گفتگو کرکے لوٹا ہوں اور میں کہہ سکتا ہوں کہ جس طرح کا آشیر واد اور جس طرح کا اعتماد ویقین ہندستان کے تئیں کھل کر سامنے آرہا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ آپ بھی بیرون ملک جائیں اور آپ میں سے جو لوگ بیرون ملک مقیم ہیں، آپ سب اس کا تجربہ کریں۔
ہر ہندوستانی، چاہے دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو یا ہندوستان کے کسی بھی کونے میں، ہر ہندوستانی آج فخر محسوس کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک نیا ہندوستان سب کو متحد کرتا ہے۔ آج ہر کوئی محسوس کر رہا ہے کہ ہندوستان اب عالمی فلاح و بہبود کے مقصد سے کارکردگی دکھا کر امکانات اور صلاحیتوں سے آگے بڑھ رہا ہے۔