نئی دہلی/جھانسی// زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ ملک کی نصف سے زیادہ آبادی کا ذریعہ معاش زراعت پر منحصر ہے، ایسے میں زراعت میں علم اور صلاحیت کا بہتر استعمال کرکے اور سنجیدگی سے بات چیت کرکے زراعت کو منافع بخش بنایا جاسکتا ہے۔
مسٹر تومر نے جمعہ کو یہاں کہا کہ اس کے لیے مرکزی حکومت ڈیجیٹل زراعت، مائیکرو اریگیشن، سوائل ہیلتھ کارڈ، بیج کے انتخاب، ایگرو مارکیٹ، پروڈکشن سینٹر کے ساتھ ساتھ دیگر ٹیکنالوجیز کے استعمال کے لیے منصوبہ بند طریقے سے کام کر رہی ہے۔
یہاں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پاسچر اینڈ فوڈر ریسرچ کے آڈیٹوریم میں تین روزہ بین الاقوامی زرعی کانفرنس کی آن لائن افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر زراعت نے کہا کہ یہ کانفرنس "زرعی سائنس اور ٹیکنالوجی – چیلنجز اور امکانات” کے عنوان پر منعقد کی گئی ہے۔