سرینگر//
صوبائی کمشنر کشمیر‘ وِجے کمار بدھوری نے آج ترقیاتی پروجیکٹوں پر عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ سخت سردی کے دِنوں کے آغاز سے پہلے جاری کام میں تیزی لائیں۔
بدھوری نے بمنہ اور نوگام فلائی اوورز سمیت اہم منصوبوں کی تکمیل پر زور دیا تاکہ ان اہم جنکشنوں پر ٹریفک کی روانی کوآسان بنایا جاسکے ۔ اُنہوں نے بائی پاس پر گاڑیوں کی بلا روک ٹوک چلانے کیلئے فلائی اووروں کے مین اوور پاس سڑکوں پر میٹلنگ اور میکڈمائزیشن کی ہدایت دی۔
میٹنگ میں ایس ایس سی ایل کے متعدد جاری منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا جن میں بلیدان ستمبھ، سنگرمال جنکشن، ہیٹ ٹرک پر پارکنگ اور آئی ٹی ایم ایس کیمروں کا آپریشن شامل ہیں۔
صوبائی کمشنر نے نٹی پورہ رام باغ برزلہ بند روڈ کے بارے میں ریکارڈ کے مطابق سرکاری اراضی کی واضح حد بندی کرنے کی تلقین کی اور تجاوزات ہٹانے کی ہدایت دی تاکہ بند روڈ کو ترجیحی بنیادوں پرترقی دی جاسکے۔
دریں اثنا،اُنہوںنے سرمائی موسم کے آغاز سے پہلے جہاں بھی ضرورت ہو شہر کی سڑکوں کی بلیک ٹاپنگ کی ہدایت دی۔
میٹنگ میں آر اینڈ بی، ایس ایس سی ایل، ریونیو اور لأ افسران نے شرکت کی اور اُنہوںنے کارروائی کی رپورٹ کے علاوہ طبعی اور مالیاتی پہلوئوں سے متعلق مذکورہ کاموں کے بارے میں رائے پیش کی۔