چلئے صاحب ایک خبر آئی ہے… اڑتے اڑتے آئی ہے اور … اور اس خبر کا تعلق اپنے بڈشاہ چوک سے ہے… بڈشاہ چوک کی کچھ دکانیں بندہیں… اس لئے بند ہیں کہ اپنی ڈاکٹر صاحبہ‘ وقف بورڈ چیئر مین‘ ڈاکٹر درخشانا ندرابی صاحبہ کے حکم پر بڈشاہ چوک کی کچھ دکانوں کو مقفل کیا گیا ہے… سیل کیا گیا ہے… سربمہر کردیا گیا ہے… اور اس لئے کردیا گیا ہے کہ… کہ ان دکانوں نے کرایہ ادا کیاہے اور… اور نہ لیز کی تجدید کرائی ہے… ایسا کہنا ہے ڈاکٹرصاحبہ کا ۔دکانداروں کی سنی جائے تو… تو وہ کرایہ بھی وقت پر ادا کرتے ہیں اور… اور رہی لیز ختم ہونے کی بات تو… تو ان کے مطابق معاملہ عدالت میں ہے ۔اب عدالتیں… وہ بھی کشمیر کیں‘ اس معاملے پر کب فیصلہ کرتی ہیں اور… اور کب نہیں… اپنی ڈاکٹر صاحبہ نے اپنی عدالت کھول دی اور فیصلہ بھی کردیا… دکانوں کو مقفل کرنے کا فیصلہ۔ان کے فیصلہ پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے اور… اور اندر کی بات ہے کہ اگر ہمیں ہو گا بھی تو… تو ہماری سنے گا کون کہ کہنے والوں کاکہنا ہے کہ اب کشمیر میں کوئی کسی کی نہیں سنتا ہے… بالکل بھی نہیں سنتا ہے۔اس لئے صاحب ہمیں اگر اعتراض ہو گا بھی تو کوئی ہماری نہیں سنے گا… بالکل بھی نہیں سنے گا ۔لیکن… لیکن ڈاکٹر صاحبہ ان بے چارے دکانداروں کی بھی سن لیجئے … مانتے ہیں کہ شہر کے مرکز میں انہیں دکانیں ملی ہیں اور… اور ان دکانوں کا کرایہ مونگ پھلی کے کچھ دانوں جتنا ہے… یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ ان کی لیز ختم ہو ئی ہو گی اور… اور انہوں نے اس کی تجدید کرانا بھی ضروری نہیں سمجھا ہو گا… اس بات کا بھی ہم اقرار کرتے ہیں کہ ان میں سے بیشتر دکانداروں نے وقت پر کرایہ ادا نہیں کیا ہو گا… ہم ڈاکٹر صاحبہ آپ کی ایک ایک بات سے اتفاق کرتے ہیں‘ اسے تسلیم کرتے ہیں… لیکن …لیکن آپ کو بھی اس بات کو تسلیم کرنا ہو گا کہ… کہ لالچوک جیسے تجارتی مرکز میں بھی کام … دکانداروں کا کام بالکل ٹھپ ہے…ان کی بکری میں اتنی کمی آئی ہے… ان کی سیل اتنی کم ہو گئی ہے کہ… کہ مشکل سے گزارا ہورہا ہے … یہ حقیقت ہے‘ کوئی مفروضہ نہیں…اب ایسا کیوں ہے… کیوں دھندا چوپٹ ہے… مندی کیوں ہے؟… ڈاکٹر صاحبہ یہ ایک الگ بحث ہے… لیکن مندی ہے اور… اور اسی ایک بات کا اگر آپ تھوڑا سا بھی پاس لحاظ رکھیں گی تو…تو آسمان زمین پر گر نہیں آئے گا… بالکل بھی نہیں آئیگا… ان سے کرایہ بھی لیجئے‘ لیز کی تجدید بھی کرائیے… لیکن تھوڑی مہلت تو دیجئے کہ…کہ جب دکان مقفل ہو تو… تو پھر سارے راستے بند ہو جاتے ہیں… سارے۔ ہے نا؟