جموں//
جموں کشمیر کے رام بن ضلع کے رامسو میں پیر کی شام پیش آئے سڑک حادثے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رامسو کے نزدیک پیر کی شام سڑک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو افراد شدید طورپر زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے ایک کو مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت سید انور ساکن ہولگان مکر کوٹ کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
دریں اثناریاسی میں منی بس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں متعدد عقیدت مند زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ریاسی میں پیر کی صبح اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ایک مسافر بردار گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک پر الٹ گئی جس وجہ سے گاڑی میں سوار متعدد مسافرزخمی ہوئے ۔
معلو م ہوا ہے کہ مقامی لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا ۔
مقامی لوگوں نے بتایاکہ گاڑی میں کل ملا کر۲۲یاتری سوار تھے جو کٹرا سے شیو کھوری مندر کی طرف جارہے تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت ہسپتال میں مستحکم ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔