ہانگزو//) 19ویں ایشین گیمزمیں جیت کی ہیٹ ٹرک لگاچکی ہرمن پریت کی قیادت والی ہندوستانی ہاکی ٹیم ہفتہ کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔
ہندوستان نے اپنی اعلیٰ کارکردگی پیش کرتے ہوئے اب تک تین میچوں میں تین جیت حاصل کی ہے۔ ہندوستان نے پول اے کے میچ میں ازبکستان کے خلاف 16-0 کی جیت کے ساتھ مقابلے کا آغاز کیا جب کہ دوسرے میچ میں سنگاپورپر 16-1 سے جیت درج کی۔ جمعرات کے روز ہندوستان کو 2018 کے ایشیائی کھیلوں کے گولڈ میڈل فاتح جاپان کے خلاف مہم کے سب سے مشکل چیلنج کا سامنا کرنا پڑا، لیکن جیت کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے، ٹیم نے 4-2 سے جیت کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
ہندوستان کی طرح پاکستان کی ٹیم بھی اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے اوراس نے اب تک کھیلے گئے تینوں میچ جیتے ہیں۔ پاکستان نے اپنی مہم کا آغاز سنگاپور کے خلاف 11-0 سے جیت کے ساتھ کیا اور پھر بنگلہ دیش پر 5-2 سے اور ازبکستان کے خلاف 18-2 سے جیت درج کی۔
ہندوستانی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے کہا، "ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اب تک کھیلے گئے میچوں سے بہت سے قیمتی سبق سیکھے ہیں، جو پاکستان کے خلاف کارآمد ثابت ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں اب تک ہمارے لیے یہ ایک اچھی شروعات رہی ہے لیکن سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ ہر حریف کے ساتھ ہم نے اپنے گیم پلے کے بارے میں نئی چیزیں سیکھی ہیں اور ہم اپنے کھیل کو کیسے بہتر بنا سکتے ہیں۔ ہم ناقابل شکست رہے ہیں، جس سے ہمیں پاکستان کے خلاف کھیل سے پہلے اعتماد ملتا ہے کہ ہم اچھی حالت اور لے میں ہیں اور اب یہ صرف رفتار کو برقرار رکھنے اور ان سبق کو لاگو کرنے کے بارے میں ہے جو ہم ہر روز سیکھ رہے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان کے خلاف میچ ہوتا ہے تو ڈریسنگ روم میں ہمیشہ جوش و خروش ہوتا ہے۔ پاکستان کے پاس ایک مضبوط ٹیم ہے جو واقعی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، لہذا ہم جانتے ہیں کہ ہمیں بھی اس میں رہنا ہوگا اور ان کے خلاف جیتنے کی ہماری پوری کوشش ہے۔ ہم اب تک کے نتائج سے متاثر ہیں اور ہم ٹورنامنٹ میں اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔”
دونوں ٹیمیں آخری بار اگست میں ہیرو ایشین چیمپئنز ٹرافی چنئی 2023 کے پول میچ میں مدمقابل ہوئی تھیں جہاں ہندوستان نے یہ میچ 4-0 سے جیتا تھا۔ 2013 کے بعد سے ہندوستان اور پاکستان 24 بار آمنے سامنے ہو چکے ہیں، جس میں ہندوستان نے 16 بار کامیابی حاصل کی ہے جب کہ پاکستان کو پانچ بار جیت ملی ہے اور تین میچ ڈرا ہوئے ہیں۔
ہندوستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے کہا، "ہم نے پہلے تین میچوں میں کچھ زبردست پیش رفت دکھائی ہے اور ہم اپنی کارکردگی سے خوش ہیں۔ بلاشبہ، ہمیشہ کچھ بہتری کی جاسکتی ہے۔ یہ ضروری ہو گا کہ ہم پاکستان جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف میچ سے پہلے ان پر کام کریں، جس کا ٹورنامنٹ بھی اچھا ہو رہا ہے۔ "ہم جانتے ہیں کہ ہمارے اہداف کیا ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ہم انہیں ہفتہ کو حاصل کر لیں گے۔”