بارہمولہ/ 28 ستمبر
شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں سوپور کے سید پورہ علاقے میں ایک بڑے پیمانے پر محاصرہ اور تلاشی آپریشن (سی اے ایس او) شروع کیا گیا ہے۔
تلاشی آپریشن کو جموں کشمیر پولیس ‘ ایس او جی کے علاوہ فوج کی 22RR اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF) کی 179 بٹالین نے مشترکہ طور پر شروع کیا گیا ہے۔
ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ سی اے ایس او کو جمعرات کی دوپہر کو علاقے میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کے بارے میں ان پٹ ملنے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔
اہلکار نے کہا”تلاشی آپریشن ابھی بھی جاری ہے کیونکہ ہمارے پاس علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں اطلاعات ہیں“۔
اس کے علاوہ پولیس کے اعلیٰ افسران بشمول سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سوپور، ہندوستانی فوج کے 22 آر آر کے کمانڈنگ آفیسر کے علاوہ سی آر پی ایف کے اعلیٰ عہدیدار بھی موقع پر موجود ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ضلع بارہمولہ میں تلاشی کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ناکہ چیکنگ پر چوکسی پچھلے کچھ مہینوں سے تیز کردی گئی ہے جس کی وجہ سے کئی دہشت گرد ساتھیوں کی گرفتاری عمل میں آئی ہے اور بارہمولہ ضلع میں پولیس‘ فوج اور دیگر سیکورٹی ادارے کے مشترکہ آپریشن سے دہشت گردی کے کئی ماڈیولز کا پردہ فاش کیا گیا ہے۔